جمعہ کے روز روپ نارائن پور کے جھارکھنڈ روڈ پر ستسنگ مندر کے سامنے ضلع پریشد کے کاریادھکش محمد ارمان کے مکان کے قریب ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک تیز رفتار مال بردار ٹرک دومکا کی جانب سے آسنسول کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک ڈرائیور گاڑی پر سے قابو کھو بیٹھا اور ٹرک سیدھا سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک سڑک کے کنارے واقع ایک مکان کی دیوار سے جا لگا، جس کے نتیجے میں دیوار مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے سڑک پر ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی روپ نارائن پور پھانڑی کی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے حالات کو قابو میں کیا۔ تین کرینوں کی مدد سے حادثہ زدہ ٹرک کو ہٹا کر روپ نارائن پور پھانڑی لے جایا گیا، جس کے بعد سڑک پر آمد و رفت بحال ہو سکی۔
خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک بہت تیز رفتاری سے چل رہا تھا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا۔ حادثے کی خبر ملتے ہی متعلقہ محکمے اور پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور ٹریفک کو معمول پر لے آئے۔









