سونے کی چین چھیننے والے گروہ کے 2 افراد کو پولس نے گرفتار کیا ہے۔عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد جج نے انہیں عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔پولس کی بروقت کاروائی سے صنعتی شہر کے لوگوں کو کچھ حد تک راحت ملی ہے۔پولس ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں درگا پور کے مختلف علاقوں میں بائیک سوار جرایم پیشہ افراد خواتین سے زیورات چھین رہے تھے۔ایسے کئی معاملات کو لے کر تھانہ میں شکایت بھی درج کرائی گئی تھی۔پولس جانچ میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ سماج دشمن عناصر خاص طور سے خواتین کو ہی اپنا نشانہ بناتے ہیں۔ بدھ کی شام تقریبا 5 بجے کوک اووین تھانہ علاقہ کے تحت ڈی پی ایل کالونی میں بغیر نمبر پلیٹ کے ایک بائیک میں 2 مشکوک نوجوان گھوم رہے تھے۔انہیں دیکھ کر پولس کو شک ہوا۔ ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔پولس کی تفتیش سے وہ گھبرا گیے اور بھاگنے کی کوشش کرنے لگے۔لیکن پولس نے انہیں دھر دبوچا۔ان میں سے ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گرفتار نوجوان کا نام منیرل مدھا (40) ہے۔یہ بڑ جوڑا کا رہنے والا ہے۔منیرل کو حراست میں لے کر پولس نے اس سے پوچھ تاچھ شروع کی اور گروہ کے دوسرے ممبر کو بھی گرفتار کر لیا۔گرفتار نوجوان کا نام لکشمی ساہنی(50) ہے۔اسے بول پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔لکشمی کے خلاف درگا پور کے کئی تھانوں میں ڈکیتی کے معاملات درج ہیں۔بدھ کے دن یہ دونوں نوجوان کسی جرم کے ارتکاب کے مقصد سے ڈی پی ایل علاقہ میں جمع ہوئے تھے۔پولس کے ذریعہ پوچھ تاچھ کے دوران دنوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔گرفتار دونوں ملزمین کو جمعرات کے دن درگا پور سب ڈویژن عدالت میں پیش کیا گیا۔




















