پورب بردوان ضلع کے بُدبُد تھانہ کے تحت رَندیہ علاقے میں دامودر ندی میں نہانے کے دوران تین نوجوان دوست غرقاب ہوگئے، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی بُدبُد تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور امدادی کاروائیاں شروع کی گئیں۔
پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق، ڈوبنے والے تین نوجوانوں کے نام سُرجیت بسواس، جیت ادھیکاری اور ابھیجیت گائین ہیں۔ تینوں کی عمر 16 سے 18 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔
واقعہ بدھ کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب پاناگرھ کے نمبر 2 کالونی علاقے سے آٹھ نوجوان دوست رندیہ میں دامودر ندی کے کنارے سیر و تفریح کے لیے پہنچے۔ ان میں سے سات دوست نہانے کے لیے ندی میں اترے۔ نہاتے ہوئے ان میں سے تین نوجوان گہرے پانی میں جا کر تیز بہاؤ میں پھنس گئے۔ انہیں بچانے کی کوشش دیگر ساتھیوں نے بھی کی، لیکن وہ خود بھی خطرے میں پڑ گئے۔
مقامی لوگوں نے جب یہ منظر دیکھا تو فوراً بچاؤ میں جُٹ گئے۔ ان کی کوششوں سے چار نوجوانوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، مگر بدقسمتی سے تین نوجوان پانی میں ڈوب گئے۔
پولیس اور مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے ڈوبے ہوئے نوجوانوں کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم کا ماحول ہے اور متاثرہ خاندانوں کا رو رو کر برا حال ہے۔
پولیس نے اس افسوسناک حادثے کے سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مانسون کے دوران ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں کیونکہ پانی کی سطح اور بہاؤ غیر متوقع طور پر خطرناک ہو سکتا ہے۔