مغربی بنگال کے صنعتی شہر درگاپور میں جمعرات کے روز اچانک زمین دھنسنے کے واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہ واقعہ درگاپور میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 9 کے کنشک موڑ علاقے میں پیش آیا، جو درگاپور اسٹیل پلانٹ کو جوڑنے والی مرکزی سڑک کے عین قریب واقع ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ابتدا میں سڑک کے کنارے ایک چھوٹا سا گڑھا نظر آیا، مگر چند ہی منٹوں میں مٹی تیزی سے دھنسنے لگی اور گڑھا ایک بڑے شگاف میں تبدیل ہو گیا۔ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مقامی افراد نے فوراً انتظامیہ اور درگاپور اسٹیل پلانٹ کے حکام کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار اور متعلقہ محکموں کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں زمین دھنسنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل سیکنڈری موڑ اور سی آر داس-کنشک موڑ کے اطراف بھی بڑے پیمانے پر زمین دھنسنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ بار بار پیش آنے والے ان حادثات نے انتظامیہ کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں کو خدشہ ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مرکزی شاہراہ کسی بھی وقت مکمل طور پر بیٹھ سکتی ہے، جس سے کارخانے اور شہر کے درمیان رابطہ منقطع ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔ فی الحال انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ مقام کے اطراف گھیرابندی کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچا جا سکے۔ ماہرین کی ایک ٹیم زمین دھنسنے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے تاکہ جلد از جلد مرمتی کام شروع کیا جا سکے اور عوام کو مزید پریشانی سے بچایا جا سکے۔








