خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے ایک عادی سائیکل چور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے کئی چوری شدہ سائیکلیں بھی برآمد کیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 25 فروری کو بنگال امبوجا کے ایک مکان کی گرِل والی بالکنی کے اندر سے ایک گھریلو ملازمہ کی سائیکل چوری ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں آسنسول–درگاپور پولیس کمشنریٹ کے تحت آنے والے درگاپور تھانہ کے سٹی سنٹر پولیس چوکی میں تحریری شکایت درج کرائی گئی تھی۔
پولیس کو گزشتہ چند دنوں سے سٹی سنٹر کے مختلف علاقوں سے سائیکل چوری کی متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی۔
گزشتہ جمعرات کی رات گشت کے دوران پولیس نے ایک شخص کو چوری شدہ سائیکل کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار شخص کی شناخت دیال روئی داس کے طور پر ہوئی ہے، جو انڈال کے بن بہال علاقے کا رہنے والا ہے۔
پولیس کے مطابق دیال روئی داس ایک عادی سائیکل چور ہے اور اس سے پہلے بھی کئی مقامات سے سائیکلیں چوری کر چکا ہے۔ وہ گھروں کے اندر سے بھی بڑی آسانی سے سائیکل چرا لینے میں ماہر بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے سائیکل چوری کرنے کا اعتراف کر لیا۔ اس کی نشاندہی پر پولیس نے سٹی سنٹر سمیت مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر چھ چوری شدہ سائیکلیں برآمد کر لیں، جن میں کچھ قیمتی سائیکلیں بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزم کو سوموار کے روز درگاپور سب ڈویژنل کورٹ میں پیش کیا گیا۔








