سٹی سینٹر علاقے میں سونے کی چین چھیننے کے واقعے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور چھینی گئی سونے کی چین بھی برآمد کر لی۔ اس بات کی جانکاری بدھ کے روز آسن سول۔دُرگاپور پولیس کمشنریٹ کے ڈپٹی کمشنر (ایسٹ) ابھیشیک گپتا نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔
یہ واردات گزشتہ پیر کی رات سٹی سینٹر کے چتورانگ میدان کے قریب پیش آئی تھی، جب تنو رائے نامی خاتون اپنی بیٹی اور ایک نوجوان کے ساتھ بازار جا رہی تھیں۔ اسی دوران ایک کار آکر رکی، اور اس میں سے دو نوجوان نکلے جنہوں نے خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران چھینا جھپٹی میں چین ٹوٹ گئی، جس کا آدھا حصہ تنو رائے کے ہاتھ میں رہ گیا جبکہ باقی حصہ لے کر ملزمان فرار ہونے لگے۔
مقامی لوگوں نے تعاقب کر کے ایک کم عمر ملزم کو پکڑ لیا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس نابالغ کو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی پر رات بھر چھاپہ ماری کے بعد برُدوان سے اس کے تین ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے نام سبرتا سنگھ، طوفان منڈل، ذاکر خلیفہ اور منشی صابر عالم ہیں، جو سبھی ضلع برُدوان کے رہنے والے ہیں۔ پولیس نے چھینی گئی سونے کی چین بھی برآمد کر لی ہے۔ چاروں ملزمان کو دُرگاپور کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔








