ریاستی شاہراہ نمبر 9 پر ایک ڈمپَر سے مسلسل گندگی گرنے کے معاملے میں منگل کی صبح ٹریفک پولیس نے سخت کارروائی کی۔ کئی دنوں سے مقامی لوگ شکایت کر رہے تھے کہ یہ ڈمپَر بردوان سے پرولیا ہوتے ہوئے اڈیشہ کی طرف جاتے وقت راستے بھر کچڑا اور گندگی پھیلاتا ہے، جس سے پوری سڑک ناپاک اور بدبودار ہو جاتی ہے۔
ملی جانکاری کے مطابق منگل کی صبح موچی پاڑہ ٹریفک گارڈ کے افسران پہرے پر تھے۔ جیسے ہی انہوں نے دیکھا کہ ڈمپَر سڑک پر ناپاکی پھیلانے ہوئے اڈیشہ کی سمت جا رہا ہے، فوراً اس کا پیچھا کیا گیا اور درگاپور بیراج کے پاس بدبو دار نالے کے قریب اسے روک لیا گیا۔ اس کے بعد موچی پاڑہ ٹریفک گارڈ، کوک اوون تھانے کی پولیس اور درگاپور میونسپل کارپوریشن کے افسران موقع پر پہنچے۔ ٹریفک پولیس نے ڈمپَر ڈرائیور پر خطرناک ڈرائیونگ کے الزام میں 5,000 روپے اور سڑک کو گندا کرنے پر 2,000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ بتایا گیا کہ گاڑی بردوان سے چلی تھی اور پرولیا کے راستے اڈیشہ جا رہی تھی۔درگاپور میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 4 کے افسر بشوا جیت بھگت نے بتایا،
“ہمیں شکایت مل رہی تھی کہ یہ گاڑی ہر روز راستے میں گندگی گراتی ہے۔ اسی وجہ سے ٹریفک پولیس نے اسے روکا اور ہم نے جرمانہ کیا۔” ٹریفک افسر ستیناتھ شیل نے کہا، “یہ گاڑی اکثر خطرناک طریقے سے چلتی ہے۔ ہم نے کئی بار متنبہ کیا تھا، لیکن پھر بھی قانون شکنی پر مجبوراً جرمانہ کرنا پڑا۔”








