بالاسور 09 دسمبر:بالاسور کے ریمونا بال گوپال پور پے واقع ایمامی پیپر ملز لمیٹڈ کے احاطے میں ایک “معلم تعظیمی تقریب 2025″منعقد کی گئی۔اس اعزازی پروگرام میں ریمونابلاک کے تین پرائمری اسکول تین نوڈل اسکول اور تین ہائی اسکول کے کل نو ٹیچرس کو اعزاز سے نوازہ گیا۔اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر بالاسور کے ڈپٹی کلکٹر جناب شِو مالوِیا نے شرکت کی اور نو بیسٹ ٹیچر کو اپنے ہاتھوں سے اعزازواکرام سے نوازہ۔خوشی کی بات یہ رہی کہ ان نو اساتذہ میں ریمونا فیڈر U.G.U.P اسکول کے اردو ٹیچر شیخ شرف الدین صاحب کو اردو کے حوالے سے سرفراز کیا گیا۔شرف الدین صاحب کو شال اوڑھا کر شپاس نامہ پیش کرتے ہوئے ان کی اردو تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہاردو زبان و ادب کے فروغ اور اس کی بقا کے لیے معصوم و کمسن طلباء کے دلوں میں اردو سے محبت اور وابستگی پیدا کرنے میں آپ کی ناقابلِ فراموش خدمات بے مثال ہیں۔ گزشتہ 13 برسوں سے ریمونا بلاک کے مختلف اسکول میں تدریسی خدمات فراہم کرتے ہوئے آپ ایک باوقار، شائستہ اور باصلاحیت اردو معلم کی حیثیت سے نہ صرف طلبہ بلکہ پورے تعلیمی سماج کے لیے قابلِ احترام بن چکے ہیں۔خصوصاً آج کے جدید ٹیکنالوجی دور میں کمپیوٹر میں آپ کی مہارت، اور ساتھ ہی ساتھ ایک درد مند، نرم گفتار، باادب، بااصول اور تخلیقی اردو شاعر و بہترین معلم کی حیثیت سے آپ معلم برادری کے لیے حوصلہ، رہنمائی اور روشن مثال ہیں۔بیسٹ ٹیچر اردو ایوارڈ حاصل کرتے وقت ماسٹر شرف الدین کی والدہ محترمہ شاہیرا بی بی اور اہلیہ تسلیما بیگم بھی ساتھ نظر آئیں۔ماسٹر شرف الدین کو یہ ایوارڈ ملنے پر اردو حلقے میں خوشی کی لہر دیکھنے کو ملی۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ۔










