آسنسول–درگاپور پولیس کمشنریٹ کے تحت جموڑیہ تھانہ کے سری پور پولیس چوکی علاقے میں عشق کے اندھے پن نے ایک خاندان کو تباہ کر دیا۔ آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 3، پریہارپور میں پیش آئے اس سنسنی خیز واقعے میں ایک شادی شدہ خاتون نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے ہی شوہر کا قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت پریہارپورباشندہ سنجیو باؤری کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس قتل کے الزام میں پولیس نے مقتول کی بیوی موسمی باؤری اور اس کے عاشق ابھی رام باؤری کو گرفتار کر لیا ہے۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ابھی رام باؤری کافی عرصے سے موسمی باؤری سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن موسمی کی شادی سنجیو باؤری سے ہونے کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ اسی رنجش اور ناجائز تعلقات کے سبب ابھی رام نے موسمی کے ساتھ مل کر سنجیو باؤری کو راستے سے ہٹانے کی سازش رچی۔ موقع ملتے ہی دونوں نے مل کر سنجیو باؤری کو قتل کر دیا، یہ سوچ کر کہ اب وہ آزاد ہو کر ایک ساتھ زندگی گزار سکیں گے، مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ اس پورے معاملے کی جانکاری آسنسول–درگاپور پولیس کمشنریٹ کے ڈی سی دھرو داس نے سری پور پولیس چوکی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں یہ واضح ہوا ہے کہ یہ معاملہ ناجائز محبت کا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران دونوں ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ڈی سی دھرو داس نے مزید بتایا کہ دونوں ملزمان کو آسنسول عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس ریمانڈ کی درخواست دی جائے گی۔ معاملے کی گہرائی سے جانچ جاری ہے، جبکہ فرانسک جانچ کے لیے بھی درخواست دی گئی ہے۔ فرانسک ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد قتل کی پوری تصویر مزید واضح ہو جائے گی۔ دوسری جانب ملزم ابھی رام باؤری نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کوئی قتل نہیں کیا اور اسے جھوٹے طور پر پھنسايا جا رہا ہے۔ پولیس اس دعوے کی بھی جانچ کر رہی ہے۔










