درگاپور کے تحت کانکسا تھانہ کے پاناگڑھ بازار ریل پار ڈیفنس کالونی علاقے میں واقع میں ایک فوجی جوان کے گھر میں چوری کی واردات سامنے آئی ہے، جس کے بعد پورے علاقے میں ہلچل مچ گئی ہے۔ متاثرہ فوجی جوان کی شناخت ہیرا لال رام کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت اپنی بیٹی کی شادی کے سلسلے میں اہلِ خانہ کے ساتھ بہار گئے ہوئے ہیں۔ اتوار کی صبح مقامی لوگوں نے ان کے گھر کا تالا ٹوٹا ہوا اور دروازہ کھلا دیکھا۔ اندر داخل ہونے پر گھریلو سامان بکھرا ہوا پایا گیا جبکہ دو الماریوں کے تالے بھی ٹوٹے ہوئے تھے۔
اطلاع ملتے ہی کانکسا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی جانچ شروع کردی۔ اس موقع پر گرام پنچایت کے رکن گوتم باؤری بھی موجود تھے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ چوروں نے انتہائی چالاکی سے واردات کو انجام دیا ہے، کیونکہ آس پاس کے مکانات میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں کسی مشتبہ شخص کی کوئی فوٹیج نظر نہیں آئی ہے۔ گھر کے مالک کی غیر موجودگی کے سبب چوری شدہ سامان کی صحیح تفصیل ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس نے معاملے کی گہرائی سے تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ علاقے کے رہائشیوں نے رات کے وقت پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ اس طرح کی وارداتوں پر روک لگائی جا سکے۔







