مغربی بردوان ضلع مجسٹریٹ کے دفتر میں ریاستی حکومت کے اہم رہائشی منصوبے ’بنگلار باڑی‘ کے تحت ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مغربی بردوان کے ضلع مجسٹریٹ ایس۔ پوننّملم، ضلع پریشد کے سبھادھپتی وشوناتھ باوری، وی۔ شبداسن داسُو سمیت ضلع انتظامیہ کے تمام اعلیٰ افسران موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع پریشد کے سبھادھپتی وشوناتھ باوری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج سنگور میں ’بنگلار باڑی‘ منصوبے کے تحت 20 لاکھ افراد کے لیے مکانات کی تعمیر کی خاطر مالی امداد منظور کی ہے، جو آج ہی مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوامی فلاح کے لیے کئی اہم منصوبے شروع کیے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سال 2025 میں 12 لاکھ اور 2026 کے آغاز میں مزید 20 لاکھ افراد کے لیے مکانات کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر 32 لاکھ دیہی خاندان اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
وشوناتھ باوری نے یہ بھی بتایا کہ آج وزیر اعلیٰ نے گھٹال ماسٹر پلان کی بھی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیو طویل عرصے سے اس منصوبے کو لے کر مرکزی حکومت سے مطالبہ کر رہے تھے، لیکن مرکز کی جانب سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ آخرکار ریاستی حکومت نے خود اس منصوبے کو منظوری دے کر آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا، جس سے ریاست کے 20 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
’بنگلار باڑی‘ منصوبے کے تحت ہر مستحق خاندان کو 1 لاکھ 20 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے پر ریاستی حکومت کا مجموعی خرچ 24 ہزار کروڑ روپے ہوگا، جبکہ دونوں مرحلوں کو ملا کر ’بنگلار باڑی (دیہی)’ منصوبے پر کل 38 ہزار 400 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ ریاست کے دیہی علاقوں میں رہائشی سہولیات کو مضبوط بنانے کی سمت ایک بڑا قدم مانا جا رہا ہے۔










