مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں مغربی بردھمان ضلع میں بین الریاستی اور بین الاضلاعی سرحدوں پر کل 23 ناکہ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں مسلسل گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اسی دوران اتوار کی دوپہر تقریباً ایک بجے بارابنی تھانہ علاقے کے روناکوڑا گھاٹ ناکہ پوائنٹ پر پولیس اور دیگر افسران کی مشترکہ چیکنگ کے دوران 10 لاکھ 50 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے۔ پولیس کے مطابق یہ رقم ہیراپور تھانہ کے تحت برنپور روڈ واقع سنیہا اپارٹمنٹ کے رہائشی سنجے تیواری کے قبضے سے ملی، جو ایک کرایے کی گاڑی سے جھارکھنڈ کے مہاگاما سے آ رہے تھے۔ چیکنگ کے دوران جب افسران نے ان سے اس بڑی رقم کے ذریعہ کے بارے میں سوال کیا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔ اس کے بعد ایف ایس ٹی (فلائنگ اسکواڈ ٹیم) کی موجودگی میں ان سے مزید پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع فوری طور پر انکم ٹیکس محکمہ کو دے دی گئی، جس کے بعد پیر کے روز محکمہ کے افسران موقع پر پہنچے اور متعلقہ شخص سے دوبارہ تفتیش کی۔
پوچھ گچھ کے دوران سنجے تیواری نے دعویٰ کیا کہ یہ رقم وہ کاروباری مقصد کے لیے لا رہے تھے، تاہم اس دعوے کے حق میں وہ کوئی معتبر یا قانونی دستاویز پیش نہیں کر سکے۔
پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال اس رقم کو سرکاری خزانے (ٹریژری) میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ اگر متعلقہ شخص آئندہ اس رقم کے جائز ذریعہ کا ثبوت پیش کر دیتے ہیں تو ضابطے کے مطابق رقم واپس کی جا سکتی ہے۔
انتخابی ماحول میں اس طرح بڑی نقد رقم کی برآمدگی نے ضلع میں سیاسی اور انتظامی حلقوں میں ہلچل پیدا کر دی ہے، جبکہ سکیورٹی ایجنسیاں ہر مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔








