آنے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر انتظامیہ نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ آسن سول کے ضلع مجسٹریٹ دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران مغربی بردوان کے ضلع مجسٹریٹ ایس. پونّبلّم نے انتخابی انتظامات سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کل 2504 پولنگ بوتھ قائم کیے جا رہے ہیں۔ ہر بوتھ پر چار پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی کے حساب سے تقریباً 10 ہزار عملے کی ضرورت ہوگی، جبکہ 30 فیصد اضافی عملہ ریزرو میں رکھتے ہوئے مجموعی طور پر تقریباً 14 ہزار پولنگ اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ انتخابی عمل کو منصفانہ اور پرامن طریقے سے مکمل کرانے کے لیے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سامنے آنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے ضلع میں 243 خواتین پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہر اسمبلی حلقے میں ایک ماڈل بوتھ بھی بنایا جائے گا، اس طرح ضلع میں کل 9 ماڈل بوتھ ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولنگ عملے کی پہلی مرحلے کی تربیت آئندہ اتوار تک مکمل کر لی جائے گی، تاکہ انتخابی عمل بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی کے ساتھ انجام دیا جا سکے۔








