منی بس مالکان کے خلاف جمعرات کے دن احتجاج کا مظاہرہ کیا گیا۔ آئی این ٹی ٹی یو سی کے رہنما راجو اہلوالیہ کی قیادت میں جمعرات کے دن منی بس ملازمین نے مالکان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ ظلم کیا جارہاہے۔ ان لوگوں کی حق تلفی کی جارہی ہے۔انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا جارہاہے۔ کئی پرانے ملازمین کو کام سے ہٹا دیا گیا ہے۔ احتجاج کے دوران راجو اہلوالیہ نے کہاکہ منی بس مالکان ملازمین کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ انہیں مختلف طریقے سے پریشان کیا جارہا ہے۔ کئی پرانے ملازمین کو کام سے دستبردار کر دیا گیا۔ ان کی جگہ ایسے نئے ڈرائیوروں کو رکھا گیا ہے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس طرح مسافروں کی جان کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے منی بس مالکان پر ویلفیئر فنڈ کے غلط استعمال کا بھی الزام لگایا ہے۔ اہلوالیہ کے مطابق ویلفیئر کے نام پر ملازمین سے لاکھوں روپئے کا چندہ لیا جاتا ہے لیکن جب ملازمین کو ضرورت پڑتی ہے تو انہیں کچھ بھی نہیں ملتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں منی بس مالکان ایسو سی ایشن کے عہدیداران سدیپ اور ستیہ جیت پر ملازمین کے حقوق دبانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ الیکشن کے زمانے میں اپوزیشن کا ساتھ دیتے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب یہاں بایاں محاذ کی سرکار نہیں ہے۔ممتا بنر جی کی قیادت میں عام انسانوں کی سرکار ہے۔ ٹرانسپورٹ ملازمین کے ساتھ اس طرح کی ناانصافی اور زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر منی بس ما لکان نے اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائی تو ان کی تنظیم آنے والے دنوں میں زور دار تحریک چلائے گی۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹ ملازمین نے حصہ لیا اور اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے بازی کی۔



















