Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*میری قربانی اور میری ذمہ داری*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

از :-مفتی محمد اورنگزیب* عالمگیر سعدی درگاہ حضور غوث بنگالہ رانی گنج بنگال
قربانی ایک ایسی عبادت ہے جو سال بھر میں ایک مرتبہ واجب ہوتی ہے ، قرآن کریم کے سورہ کوثر سے یہ واضح ہوتا ہے ، دوسری طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان ذیشان سے کہ صاحب استطاعت ہونے کے باوجود قربانی نہ کرنے والوں سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ جس کو گنجائش ہو پھر بھی وہ قربانی نہ کرے تو ہماری عید گاہ کے قریب نہ آئے ۔ الحدیث ۔
احناف کے نزدیک قربانی واجب ہونے کے چند شرائط ہیں ۔ اسلام ۔ یعنی غیر مسلموں پر قربانی واجب نہیں ہے ۔ اقامت ۔ یعنی مقیم ہونا کیونکہ مسافر پر قربانی واجب نہیں ہے لیکن نفل کے طور پر کرنا چاہے تو کر لے ثواب کا حقدار ہوگا ۔ عاقل ۔ مجنوں پاگل پر قربانی واجب نہیں ہے ۔ بالغ۔ حر ۔ آزاد کہ غلام یا قیدی پر قربانی واجب نہیں ہے ۔ مالک نصاب ہونا۔  یعنی فقیر یا مقروض پر قربانی واجب نہیں ہے ۔
کتنی مالیت ہونے سے قربانی واجب ہوتی ہے ؟
اس بارے میں حضرت علامہ صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ جو شخص دو سو درہم یا بیس دینار کا مالک ہو یا حاجت کے سوا کسی ایسی چیز کا مالک ہو جس کی قیمت دو سو درہم ہو وہ شخص غنی ہے اس پر قربانی واجب ہے ۔ حاجت سے مراد رہنے کا مکان اور خانہ داری کے سامان جن کی حاجت ہو اور سواری کا جانور اور خادم اور پہننے کے کپڑے ان کے سوا جو چیزیں ہوں وہ حاجت سے زائد ہیں ، اسی طرح قربانی کرنے میں مرد و عورت دونوں برابر ہیں ، یعنی جس طرح صاحب نصاب مرد پر قربانی واجب ہے اسی طرح صاحب نصاب عورت پر بھی قربانی واجب ہے ۔
قربانی کا جانور ۔
جس شخص پر قربانی واجب ہو اسے چاہیے کہ جانور اچھا اور بے عیب خریدے ، حضور نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : چار قسم کے جانوروں کی قربانی درست نہیں ، 1۔ وہ کانا جانور جس کا کانا پن صاف معلوم ہو ، 2۔ ایسا بیمار جانور جس کی بیماری ظاہر ہو ، 3 ۔ ایسا لنگڑا جانور جس کا لنگڑا پن صاف معلوم ہو ، 4 ۔ ایسا کمزور و ناتواں جانور جس کی ہڈیوں میں گودا نہ رہا ہو ۔
رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی قربانی۔
مسلم شریف میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللّٰہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم فرمایا : سینگ والا مینڈھا لایا جائے جو سیاہی میں چلتا ہو اور سیاہی میں بیٹھتا ہو اور سیاہی میں نظر کرتا ہو ، یعنی اس کے پاؤں سیاہ ہو اور پیٹ سیاہ ہو اور آنکھیں سیاہ ہوں ، وہ قربانی کے لئے حاضر کیا گیا حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عائشہ چھری لاؤ پھر فرمایا اسے پتھر پر تیز کر لو پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے چھری لی اور مینڈھے کو لٹایا اور اسے ذبح کیا پھر فرمایا : الٰہی تو اس کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے اور ان کی آل اور امت کی طرف سے قبول فرما ۔
ہماری ذمہ داری ۔
قربانی اللّٰہ پاک کی بارگاہ میں تقرب حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے کیونکہ قربانی کرنے کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ اس کے ذریعہ سے ہم اللّٰہ پاک کی خوشی اور تقویٰ حاصل کریں اس لیے اس عظیم فریضہ کو انجام دینے میں اپنی ذمہ داری کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے یعنی اس عظیم الشان عبادت کو انجام دیتے وقت ریاکاری دکھاوا نام و نمود فوٹو ویڈیو گرافی یا کچھ ایسی حرکتیں جس سے کسی کے دل کو چوٹ پہنچے ہرگز ہرگز نہیں کرنی چاہیئے ۔ کیونکہ یہ ایسے امور ہیں جس کے سبب ہماری قربانیاں رائگاں ہو سکتی ہیں ۔ لھٰذا ہم اپنی قوم کے ہر فرد سے التماس کریں گے وہ کوئی بھی ایسی حرکت نہ کریں جو اللہ اور اس کے رسول کے یہاں نا پسندیدہ ہو  اور اخلاقی طور پر بھی نامناسب ہو خصوصاً جانور ذبح کرتے وقت یا اس کے بعد فوٹو شوٹ ویڈیو گرافی والا کام نہ خود کریں اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں نازیبہ حرکات کے سبب نہ صرف آپ کی بدنامی بلکہ پوری قوم کی تذلیل ہوتی ہے اور اس کے آڑ میں اسلام کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور پھر حکومتی سطح پر جو وبال آتا ہے اس کا اچھا خاصہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے اس لیے چوکنا رہیں شر پسندوں کو ہر گز موقع نہ دیں ۔ بلکہ پوری پاکیزگی اور نیک نیتی کے ساتھ اس عبارت کو انجام دیں صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں جہاں تہاں ہڈیاں اور دوسرے اعضاء نہ پھینکیں کوڑے دان کا استعمال کریں یا کسی محفوظ جگہ پر دفن کر دیں تاکہ اس کی بے ادبی نہ ہو اور دوسرے طربقے کے لوگوں کے لیے باعث نفرت بھی نہ بنے ۔ اور اس پر بہار موقع پر آخری بات یہ کہ جتنا زیادہ ہو سکے امن و امان قائم رکھنے کی کوشش کریں آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کریں اعزا ، اقربا ، غرباء اور فقراء کا خاص خیال رکھیں ۔
نوٹ ۔ درگاہ شریف کی مسجد میں نماز عید الاضحی 7:00 بجے ادا کی جائے گی ان شاءاللہ تعالیٰ ۔
*فقیر محمد اورنگزیب عالمگیر سعدی*
درگاہ حضور غوث بنگالہ رانی گنج بنگال

Latest News