کانکسا کے بانس کوپا علاقے میں واقع ایک نجی اسٹیل فیکٹری میں کام کے دوران پائپ دبنے سے ایک نوجوان مزدور کی دردناک موت ہو گئی۔ واقعے کے بعد حفاظتی انتظامات میں لاپروائی کا الزام لگاتے ہوئے مقامی آدی واسیوں نے فیکٹری کا گھیراؤ کر کے زبردست احتجاج کیا۔ اطلاع ملتے ہی کانکسا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مہلوک کی شناخت تپن ٹوڈو (32) کے طور پر ہوئی ہے، جو بدبد کے دیوسالا علاقے کا رہائشی تھا۔ ذرائع کے مطابق تپن ٹوڈو بدھ کی رات دیگر دنوں کی طرح نائٹ شفٹ میں کام کرنے فیکٹری گیا تھا۔ کام کے دوران اچانک ایک بھاری پائپ اس پر آ گرا، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
حادثے کے فوراً بعد ساتھی مزدوروں نے اسے تشویشناک حالت میں درگاپور کے ای ایس آئی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ جمعرات کی صبح سے ہی دیوسالا علاقے کے باشندے فیکٹری انتظامیہ کے خلاف سڑک پر اتر آئے اور مہلوک کے اہلِ خانہ کو مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کرنے لگے۔ اس سلسلے میں فیکٹری کے جنرل منیجر اشوک سنگھ نے کہا، “یہ حادثہ کس کی لاپروائی کے سبب پیش آیا، اس کی جانچ کے لیے محکمانہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ہم مہلوک کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن مدد کی جائے گی۔” فی الحال پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور علاقے میں کشیدگی کا ماحول بنا ہوا ہے۔










