آسنسول کارپوریشن کے وارڈ 46 اور 47 میں تعمیر شدہ سڑکوں کی پائیداری پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔آسنسول ساؤتھ بلاک کانگریس کمیٹی کی جانب سے ایک مکتوب میئر بدھاناپادھیائے کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس رہنما شاہ عالم خان نے بتایا کہ عید سے چند دن قبل ہی وارڈ 47 میں سڑک کی ڈھلائی کا کام مکمل کیا گیا تھا۔لیکن اس کی کوالٹی اتنی خراب ہے کہ ابھی سے ریت نکلنا شروع ہوگیا ہے۔وہیں ہاٹن روڈ میں جو پیچ روڈ تیار کیا گیا ہے اس کی کوالٹی بھی آسنسول کارپوریشن کے ذریعہ طے شدہ ضابطہ کے مطابق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آسنسول کارپوریشن علاقہ میں جہاں کہیں بھی ترقیاتی کام ہوتے ہیں وہاں وہاں آسنسول کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال ہوتا ہے۔ ایسے میں کسی بھی ٹھیکہ دار کو پیسے کی لوٹ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اس معاملہ کہ لے کر آج کانگریس کی جانب سے میمورنڈم سونپا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مئیر نے انکی باتوں کو سنا اور یقین دہانی کرائی کہ اس کی جانچ کی جائے گی۔