*وومن ریزرویشن میں بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ کے حصول تک جدوجہد کا عزم*
*ناانصافی کی صورت میں جاگروتی ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی*
*جیوتی راؤ پھولے کی یوم پیدائش تقریب۔ کلواکنٹلہ کویتا کا خطاب*
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے جیوتی راؤ پھولے کی جینتی کے موقع پر ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پھولے کے نظریات کو عملی جامہ پہنانا ہی ان کے لئے حقیقی خراج ہوگا۔ اس موقع پر جاگروتی کے قائدین بھی موجود تھے۔کویتا نے کہا کہ جاگروتی پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے اس انداز میں جدوجہد کر رہی ہے کہ گویا پھولے دوبارہ جنم لے چکے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں خواتین ریزرویشن میں بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور مرکز کو اس مطالبہ کی قبولیت پر مجبور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کی 16، 17 اور 18 تاریخ کو پارلیمنٹ میں خواتین بل پر بحث متوقع ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ دہلی جا کر تمام سیاسی جماعتوں سے اس معاملہ میں بات کریں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صرف اکثریت کی بناپر بل منظور کر لیا گیا تو جاگروتی خاموش نہیں بیٹھے گی اور بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ حاصل ہونے تک تحریک جاری رکھی جائے گی۔کویتا نے الزام عائد کیا کہ خواتین ریزرویشن بل میں بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ شامل نہ کرنا اس بات کی علامت ہے کہ حکمرانوں کو اس طبقہ کے حقوق کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی کے خلاف ایسی تحریک چلائی جائے گی جس سے مرکز کو فیصلہ بدلنے پر مجبور ہونا پڑے۔انہوں نے جیوتی راؤ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب میں حکومت کی لاپرواہی پر بھی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جینتی تک مجسمہ مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک اس پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم ڈاکٹر بی آر امبیڈکر جینتی تک پھولے کا مجسمہ مکمل کیا جائے۔کویتا نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے نے بے شمار مشکلات اور توہین کے باوجود کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا اور سماجی انصاف کے لئے مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سماجی انقلاب کی بنیاد قربانی ہوتی ہے اور اگر معاشرے میں تبدیلی لانی ہے تو ہمیں خود اپنے اندر تبدیلی سے اس کا آغاز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جاگروتی کو فخر ہے کہ ملک میں خواتین ریزرویشن بل کو حقیقت بنانے میں اس کی تحریک کا اہم کردار رہا ہے مگر اس میں بی سی خواتین کے لئے سب کوٹہ شامل نہ ہونا ایک بڑی خامی ہے جسے دور کرنا ضروری ہے۔کویتا نے محکمہ برقی کے آؤٹ سورسنگ ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے احتجاج کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی وہ مذمت کرتی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جاگروتی ان ملازمین کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرے گی اور ان کے حق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ان ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور آج انہیں ماہانہ 40 ہزار روپئے تک تنخواہ ملنے میں جاگروتی کا بھی کردار رہا ہے۔آخر میں کویتا نے کہا کہ جیوتی راؤ پھولے کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے سماجی انصاف کے قیام کےلئےجدوجہد جاری رکھی جائے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔










