*ٹی آر ایس کی جدوجہد سے حکومت خوفزدہ۔ راتوں رات سڑک کی تعمیر*
*جی ایچ ایم سی کے تمام ڈویژنس میں پارٹی مقابلہ کرے گی*
*اقتدار میں آتے ہی غریبوں کے دکھ درد ختم کرنے کا عزم، تعلیم اور علاج مکمل مفت کرنے کا وعدہ*
*عنبر پیٹ میں پرچم کشائی تقریب ۔ کلواکنٹلہ کویتا کا خطاب*


حیدرآباد: تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نےفلیگ فیسٹیول کے تحت عنبرپیٹ میں پارٹی پرچم لہرایا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی خواتین کی خودداری اور عزت نفس کی علامت کے طور پر وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام خاص طور پر نوجوان ایک ایسی جماعت چاہتے ہیں جو حقیقی معنوں میں ان کے مسائل کے حل کے لئے کام کرے اور یہی وجہ ہے کہ آج سب سے زیادہ نوجوانوں کی نمائندگی کرنے والی جماعت ٹی آر ایس ہے۔
کویتا نے کہا کہ ان کی جماعت کی جدوجہد سے حکومت خوفزدہ ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے دورہ سے قبل ہی علاقے میں راتوں رات سڑک تعمیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ کے نوجوانوں کی طاقت ہی ان کی تحریک کی اصل قوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کئی حکومتیں آئیں اور گئیں مگر کسی نے بھی غریب عوام کو مفت تعلیم اور مفت طبی سہولت فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور علاج دو ایسے مسائل ہیں جن سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور بھاری اخراجات کے باعث یہ ان کے لئے بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔کویتا نے یقین دہانی کرائی کہ اگر عوام کی حمایت سے ان کی جماعت اقتدار میں آتی ہے تو غریب عوام کو تعلیم اور علاج کے لئے اپنی جیب سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے خواتین کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بہن اور بیٹی ہونے کے ناطے وہ خواتین کی مشکلات کو بخوبی سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو مگر موجودہ حکومتیں صرف بااثر افراد کو ہی مکانات فراہم کر رہی ہیں جبکہ حقیقی غریب اس سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودداری کے استعارے کے طور پر پارٹی کا پرچم بلند کیا گیا ہے جس میں زرد رنگ شامل ہے جو خواتین کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔
کویتا نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں عوام کو پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی مسائل کا سامنا ہے اور ان کی جماعت ان تمام مسائل کے حل کے لئے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف ملازمتوں کے خواہاں نہیں بلکہ انہیں بااختیار بنا کر صنعت کار کے طور پر تیار کیا جائے گا تاکہ وہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کر سکیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس تمام ڈویژنس میں مقابلہ کرے گی اور کامیابی حاصل کرے گی جبکہ مستقبل میں عنبرپیٹ اسمبلی نشست بھی جیتنے کا عزم رکھتی ہے۔










