مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پانڈیشور اسمبلی حلقہ میں انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کو بڑا سیاسی جھٹکا لگا ہے۔ بھانگڑ کے رکن اسمبلی نوشاد صدیقی کی پارٹی سے وابستہ تقریباً 57 خاندانوں نے ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔
منگل کے روز ترنمول کانگریس کے امیدوار نریندر ناتھ چکرورتی نے ان تمام خاندانوں کو پارٹی کا جھنڈا تھما کر باضابطہ طور پر ان کا خیرمقدم کیا۔ وہ جیموا گاؤں میں اپنے انتخابی مہم کے سلسلے میں پہنچے تھے، جہاں انہوں نے مقامی کالی مندر میں پوجا کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے جلوس کی صورت میں پورے گاؤں کا دورہ کیا اور گھر گھر جا کر ووٹروں سے حمایت اور دعاؤں کی اپیل کی۔ اس دوران انہوں نے مقامی لوگوں سے براہ راست بات چیت کر کے علاقے کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں رائے بھی حاصل کی۔ اسی دوران پانڈیشور کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی دیکھنے کو ملی، جب آئی ایس ایف سے وابستہ 57 خاندانوں نے پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس اجتماعی شمولیت سے اپوزیشن خیمے میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس موقع پر نریندر ناتھ چکرورتی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کیے گئے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہو کر لوگ اپوزیشن جماعتوں کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ سیاسی ماہرین کے مطابق ووٹنگ سے عین قبل آئی ایس ایف کے اثر والے علاقوں میں اس طرح کی شمولیت پانڈیشور کے انتخابی نتائج پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔










