آسنسول 22 مارچ : سنیچر کی شام ایک نہایت افسوسناک اور پراسرار واقعہ میں 22 سالہ غیر شادی شدہ خاتون پوبالی بیراگی اپنے گھر میں پھندے سے لٹکی ہوئی حالت میں پائی گئی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متوفیہ چِترنجن لوکوموٹیو فیکٹری (سی ایل ڈبلیو) کے ریٹائرڈ ملازم پرشانت بیراگی کی بیٹی تھی۔ اطلاع ملتے ہی وہ فوراً گھر پہنچے۔ اہل خانہ کی مدد سے خاتون کو پھندے سے اتار کر تشویشناک حالت میں چِترنجن کے کستوربا گاندھی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی گئی۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت متوفیہ کی والدہ بھی بیمار حالت میں گھر پر موجود تھیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔
تاحال واقعے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اور معاملہ مشتبہ نظر آ رہا ہے۔ سالان پور تھانے کی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ہر پہلو سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ یہ خودکشی ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے، اس بارے میں فی الحال کچھ بھی واضح نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی حقیقت سامنے آ سکے گی۔









