خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر کانکسا تھانہ پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جمعہ کی دیر شام پانا گڑھ کے مصروف ترین علاقے دارجلنگ موڑ سے ایک نوجوان کو آتشیں اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کی دیر شام اطلاع ملی تھی کہ ایک نوجوان آتشیں اسلحہ لے کر مشتبہ حالت میں گھوم رہا ہے۔ خبر ملتے ہی کانکسا تھانہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دارجلنگ موڑ علاقے میں چھاپہ مارا اور مذکورہ نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک آتشیں اسلحہ اور ایک راؤنڈ کارتوس برآمد کیا گیا۔ گرفتار نوجوان کی شناخت دیپو باؤری(عمر 19 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ اور کارتوس کو ضبط کرکے نوجوان کو گرفتار کر کے کانکسا تھانے لے جایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کس مقصد سے اسلحہ لے کر گھوم رہا تھا اور آیا اس کے پیچھے کسی مجرمانہ نیٹ ورک کا ہاتھ ہے یا نہیں، اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس کے ماضی کے ریکارڈ اور رابطوں کی بھی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ہفتہ کے روز گرفتار نوجوان کو درگاپور سب ڈویژنل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس ریمانڈ کی درخواست کی ہے۔ اس واقعے کے بعد مصروف پاناگڑھ علاقے میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔










