منگل کی شام تقریباً ساڑھے سات بجے سالان پور تھانہ کے تحت کلیانیشوری پولیس چوکی علاقے میں کلیانیشوری سے دندوا جانے والی مین سڑک پر اسپتال کے قریب ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی سالان پور تھانہ پولیس اور کلیانیشوری چوکی کی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور ملوث چھ پہیہ ٹرک کو ضبط کر لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ کلیانیشوری پولیس چوکی کے تحت دندوا اسپتال کے نزدیک، شری رامپور گاؤں کے رہائشی اشوک مہتو (50) منگل کی شام کلیانیشوری سے دندوا کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار چھ پہیہ ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے زخمی کو ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی مشتعل اہل خانہ اور گاؤں والوں نے سڑک جام کر دیا اور ٹرک میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن گاؤں والے سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرنے لگے اور معاوضے کا مطالبہ کرنے لگے۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اس سڑک پر آئے دن حادثات ہوتے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، اوپر سے دندوا علاقے کی مختلف فیکٹریوں کے بڑے بڑے ٹرک مسلسل اسی راستے سے گزرتے ہیں، جس کی وجہ سے حادثات معمول بن چکے ہیں۔
علاقائی باشندوں نے مزید کہا کہ دالور موڑ سے کلیانیشوری موڑ تک پوری سڑک اندھیرے میں ڈوبی رہتی ہے، اس لیے فوری طور پر اس سڑک پر روشنی کے انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کو روکا جا سکے۔










