Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*ہولی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، تالاب میں ڈوبنے سے دو نوجوان ہلاک*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

درگاپور شہر کے امرائی علاقے میں ہولی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب تالاب میں نہانے کے دوران دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعہ امرائی کے رِشی اربندو نگر میں پیش آیا جس کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق ہولی کی صبح سے ہی نوجوان رنگ کھیلنے میں مصروف تھے۔ دوپہر کے وقت چند نوجوان ایک ساتھ قریبی تالاب میں نہانے کے لیے اترے۔ اسی دوران دو نوجوان گہرے پانی میں چلے گئے اور تیرنا نہ جاننے کے باعث ڈوبنے لگے۔ مہلوکین کی شناخت وشال سنگھ (18) اور دیو دت گوسوامی (19) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں امرائی کے رِشی اربندو نگر کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ ساتھی نوجوانوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ بعد ازاں مقامی لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور تلاش شروع کی گئی۔ کافی جدوجہد کے بعد دونوں نوجوانوں کو نکال کر تشویشناک حالت میں درگاپور اسٹیل پلانٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
واقعے کے عینی شاہد آکاش سریواستو نامی ایک دوست نے بتایا، “ہم نے طے کیا تھا کہ رنگ کھیلنے کے بعد تالاب میں نہانے جائیں گے۔ چار دوست پانی میں اترے تھے۔ اچانک دو دوست ڈوبنے لگے۔ مقامی لوگوں نے بچانے کی کوشش کی، مگر ہم انہیں نہ بچا سکے۔ یقین نہیں ہوتا کہ خوشی کا دن اس طرح غم میں بدل جائے گا۔” اس دلخراش حادثے کے بعد پورے علاقے میں غم کی فضا قائم ہے اور اہلِ خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ پولیس نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

Latest News