*معصوم بچی کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ*
*ناگر کرنول ایس پی سے صدر تلنگانہ جاگروتی کویتا کی ٹیلی فون پر بات چیت*
*متاثرہ خاندان سے رابطہ، دلاسہ اور انصاف کی یقین دہانی*
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے ضلع ناگرکرنول کے کمیرا ملنا جاترا میں ذات پات کی بنیاد پر ایک غریب رجکا خاندان پر حملہ میں دو ماہ کی معصوم بچی کی ہلاکت پر شدید رنج و غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جاترا میں شریک رجکا ڈی گنیش اور مونیکا، ان کی دو ماہ کی شیر خوار بچی، والدہ اور بہن پر مبینہ طور پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجہ میں بچی جانبر نہ ہوسکی۔ کویتا نے اس واقعہ کو نہایت افسوسناک اور غیر انسانی قرار دیا۔انہوں نے متاثرہ بچی کی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد سے فون پر بات کر کے انہیں دلاسہ دیا۔ اس موقع پر متاثرین نے الزام عائد کیا کہ حملہ آوروں کو بچانے کے لئے پولیس معمولی دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے نرم رویہ اختیار کر رہی ہے۔
بعد ازاں کویتا نے ضلع ناگرکرنول کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ذات پات کی بنیاد پر حملہ اور معصوم بچی کی موت کے گھاٹ اتارنے والےملزمین کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ ایس پی نے یقین دہانی کرائی کہ قصورواروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور متاثرین کو انصاف فراہم کیاجائے گا۔








