آسنسول کے ہیراپور تھانہ علاقے کے برن پور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں دامودر ندی میں نہانے کے دوران ایک نوجوان کی ڈوب کر موت ہو گئی۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا، جبکہ اتوار کی صبح دھینوا گاؤں کے قریب سے اس کی لاش برآمد کی گئی۔
متوفی کی شناخت 36 سالہ منو ورما کے طور پر ہوئی ہے، جو برن پور کے شیام بندھ کینٹین پاڑہ کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق منو ورما پیشے سے ڈرائیور تھا اور وہ اکثر شراب نوشی کیا کرتا تھا۔
ہفتے کے دن وہ برن پور کے دھینوا گاؤں کے قریب دامودر ندی میں نہانے گیا تھا، جہاں وہ پانی میں ڈوب گیا۔ اس کے بعد سے وہ لاپتہ تھا۔ اتوار کی صبح اس کی لاش ندی سے نکالی گئی۔
ہیراپور تھانے کی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے آسنسول ڈسٹرکٹ اسپتال بھیج دیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک غیر فطری موت کا مقدمہ درج کیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔