آسنسول ریلوے ڈویژن سے جڑے موجودہ حالات اور انتظامی رکاوٹوں کے تعلق سے آسنسول چیمبر آف کامرس کے سکریٹری شمبھو ناتھ جھا نے مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔ اس خط میں ڈویژن میں پیدا ہونے والے تنازعات اور قانونی پیچیدگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے ریلوے نقشے پر آسنسول ریلوے ڈویژن کی ایک شاندار اور سنہری تاریخ رہی ہے۔ برطانوی دورِ حکومت سے لے کر اب تک اس ڈویژن نے کئی اہم سنگِ میل قائم کیے ہیں، جس کے پیشِ نظر آسنسول کو عالمی معیار کے ریلوے اسٹیشن کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔
خط میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ آسن سول ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے، لیکن اسی دوران ڈی آر ایم اور ریلوے انتظامیہ کے درمیان قانونی ٹکراؤ کی صورتِ حال پیدا ہونا آسنسول کے باشندوں کے لیے بدقسمتی کی بات ہے۔ آسنسول کی مجموعی ترقی میں ریلوے کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریلوے سے متعلق کسی بھی قسم کی رکاوٹ پورے علاقے کے لیے باعثِ تشویش بن جاتی ہے۔
مکتوب میں ڈی آر ایم محترمہ وِنیتا شریواستو کی ستائش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر آسن سول ریلوے کی بہتری کے لیے سرگرم رہتی ہیں اور عام شہریوں سے لے کر مختلف تنظیموں کے نمائندوں تک کے ساتھ ان کے خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔
آخر میں مرکزی وزیرِ ریلوے سے اپیل کی گئی ہے کہ آسنسول ریلوے ڈویژن سے وابستہ تمام مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے، تاکہ ترقیاتی کام بغیر کسی رکاوٹ کے مسلسل آگے بڑھتے رہیں۔











