آسنسول میونسپل کارپوریشن کی ماہانہ بورڈ میٹنگ میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں چیئرمین امرناتھ چٹرجی، میئر بدھان اپادھیائے، ڈپٹی میئر وسیم الحق، ابھجیت گھٹک سمیت دیگر کونسلر اور افسران موجود تھے۔
میٹنگ کا آغاز حال ہی میں وفات پانے والی ممتاز شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں پانی کی قلت کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین امرناتھ چٹرجی نے بتایا کہ شدید گرمی کی وجہ سے پانی کے ذرائع خشک ہو گئے ہیں، جس سے سپلائی میں رکاوٹ آ رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے اور شہریوں سے بھی پانی و بچانے اور ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسی کے ساتھ میونسپل کارپوریشن علاقے میں پرانے اور غیر متعلقہ بینرز کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی، خاص طور پر اُن پروگراموں کے پوسٹرز کو جو مکمل ہو چکے ہیں۔ غیر قانونی طور پر لگائے گئے کمرشل بینرز کو بھی 15 سے 20 دنوں کے اندر ہٹانے کی وارننگ دی گئی ہے، بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ایک اور اہم فیصلے کے تحت کہا گیا کہ کسی بھی زمین پر ہائی رائز بلڈنگ کی تعمیر تبھی ممکن ہوگی جب اس زمین پر میونسپل کارپوریشن کا کوئی بھی ٹیکس بقایا نہ ہو۔ اس اقدام سے کارپوریشن کی آمدنی میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔
میئر وبدھان اپادھیائے نے بھی زور دیا کہ ترقیاتی کاموں اور پانی کی باقاعدہ فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

















