آسنسول میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین تنخواہ میں اضافہ سمیت چار نکاتی مطالبات کے حق میں جمعہ سے ہڑتال پر ہیں۔ سنیچر کے روز بھی بڑی تعداد میں صفائی ملازم میونسپل کارپوریشن پہنچے اور احتجاج کیا۔ ہڑتال کے باعث گزشتہ دو دنوں سے شہر کے 106 وارڈوں میں صفائی کا کام ٹھپ ہے اور مختلف علاقوں میں کچڑے کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں۔
میئر بدھان اُپادھیائے نے کہا کہ صفائی ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ تقریباً ایک سال قبل ہو چکا ہے، اس وقت مزید اضافہ ممکن نہیں۔ پی ایف کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ مارچ 2025 تک رقم جمع کی جا چکی ہے، تکنیکی وجوہات سے تاخیر ہوئی تھی جسے اب حل کر لیا گیا ہے۔ کیژول ملازم کے طور پر منظوری کے مطالبے پر متعلقہ محکمے کے ساتھ میٹنگ کی بات کہی گئی۔
ادھر بی جے پی کی اپوزیشن لیڈر اور کونسلر چیتالی تیواری نے میونسپل انتظامیہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ شہر کو اس طرح گندا رکھنا ناقابل قبول ہے، خاص طور پر جب امتحانات اور مذہبی تہوار قریب ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ صفائی ملازمین کم از کم 15 ہزار روپے تنخواہ، شناختی کارڈ، پی ایف میں باقاعدہ رقم اور سماجی تحفظ کے مطالبے پر ہڑتال کر رہے ہیں۔










