آسنسول میں رسوئی گیس کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف کانگریس نے ایک انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ رابندر بھون واقع بی این آر موڑ پر مغربی بردوان ضلع کانگریس اور مہیلا کانگریس کی قیادت میں کارکنان نے گیس سلنڈر کی علامتی ارتھی سجا کر مرکزی حکومت کے خلاف اپنا شدید احتجاج درج کرایا۔

احتجاج کے دوران کارکنان نے علامتی ارتھی کے سامنے مٹی کا چولہا جلا کر اس پر کھچڑی پکائی۔ کانگریس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گیس سلنڈر کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں، جس کے باعث عوام کو دوبارہ روایتی مٹی کے چولہے کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔
کانگریس کی خاتون رہنما شریلتابنرجی نے وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “اچھے دن” کا وعدہ کرنے والی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک کی عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔
وہیں کانگریس لیڈر پرسنجیت پویتُنڈی نے حال ہی میں گیس سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے کے اضافے کا ذکر کرتے ہوئے اسے عوام کی جیب پر براہِ راست حملہ قرار دیا۔
کانگریس رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر مہنگائی پر قابو نہیں پایا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر کانگریسی رہنما ایس ایم مصطفے، شاہ عالم خان و دیگر موجود رہے۔










