آسنسول: آسنسول چیمبر آف کامرس کے سیکریٹری شمبھوناتھ جھا نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ، وزیر صنعت، ریاستی کابینہ، آسنسول خطے کے تمام معزز اراکین اسمبلی اور متعلقہ سرکاری افسران سے شہر کی بحالی اور ترقی کے لیے اہم اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت آسنسول کو فلائی اوور اور میٹرو ریل سے زیادہ فوری ضرورت شہر کے بازار کو منظم کرنے اور اسے دوبارہ زندہ کرنے کی ہے۔ ان کے مطابق آسنسول بازار کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے، پیدل چلنے والوں کے لیے مناسب راستہ نہیں، گاڑیوں کی پارکنگ کا منظم انتظام نہیں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر تاجروں کے کاروبار پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آسنسول میں برسوں سے بند پڑی گلاس فیکٹری، سینریلے کارخانہ، بلو فیکٹری اور انڈین آکسیجن جیسے صنعتی اداروں کی زمین اور اثاثوں کا بہتر استعمال کرتے ہوئے نئے صنعتی منصوبے قائم کیے جائیں، تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور مقامی معیشت مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ صرف وعدوں سے ترقی ممکن نہیں، بلکہ موجودہ ضرورتوں کو ترجیح دے کر عملی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق اگر شہر کا بازار اور تجارتی ماحول ہی منظم نہ ہو تو مستقبل میں فلائی اوور اور میٹرو جیسی بڑی منصوبوں کا فائدہ بھی عوام اور تاجروں کو مکمل طور پر نہیں مل سکے گا۔
اپنے بیان کے اختتام پر شمبھوناتھ جھا نے کہا کہ آسنسول کو صرف ترقی یافتہ نہیں بلکہ دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ یہاں لوگ آسانی سے خریداری کر سکیں، تاجر بلا خوف کاروبار کر سکیں، نئے صنعت قائم ہوں اور نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں










