آسنسول کے بارابنی اسمبلی حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اندرونی رسہ کشی اب کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کے اندر اختلافات اس حد تک بڑھ گئے کہ معاملہ تھانے تک جا پہنچا اور بی جے پی کے ایک سینئر عہدیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی لیڈر اریجیت رائے کے خلاف بارابنی تھانہ علاقہ میں شکایت درج کی گئی ہے۔ یہ شکایت پارٹی کارکن ابھیجیت ادھیکاری کی جانب سے کی گئی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ آسنسول میں واقع بی جے پی دفتر میں ایک تنظیمی میٹنگ کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
شکایت کے مطابق، میٹنگ کے دوران ضلع تنظیمی جنرل سیکریٹری اریجیت رائے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اچانک ابھیجیت ادھیکاری اور دیگر پارٹی کارکنوں پر حملہ کر دیا۔ ایف آئی آر کی کاپی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھیجیت ادھیکاری کے سر پر کئی بار وار کیے گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود دیگر کارکنوں کو بھی لات گھونسوں اور بانس کی چھڑیوں سے مارا پیٹا گیا۔
شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ متاثرہ فریق کے مطابق اس واقعہ کے بعد تمام متاثرین شدید ذہنی دباؤ اور خوف کے ماحول میں ہیں اور خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
شکایت گزار نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں مناسب تحفظ فراہم کیا جائے۔ بی جے پی کے اس اندرونی تنازع کے تھانے تک پہنچنے سے بارابنی سمیت پورے علاقے کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔










