بالاسور 18 دسمبر:بالاسور میونسپلٹی نے عوامی سلامتی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم اعلان جاری کیا ہے، جس کے تحت پتنگ بازی میں استعمال ہونے والے خطرناک مانجھا (چینی/شیشے والا دھاگہ) کی تیاری، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔میونسپلٹی نے واضح کیا ہے کہ مانجھا دھاگہ نہ صرف پرندوں اور مویشیوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتا ہے بلکہ دو پہیہ سواروں اور راہگیروں کے لیے بھی سنگین حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی اور کارروائی کی جائے گی۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی، جرمانہ اور دیگر تعزیری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ بالاسور میونسپلٹی نے دکانداروں، پتنگ بازوں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پابندی کی مکمل پاسداری کریں اور محفوظ و ماحول دوست متبادل دھاگے کا استعمال کریں۔میونسپلٹی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کو محفوظ رکھنے کے لیے اس فیصلے پر سختی سے عمل کیا جائے۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ۔











