بالاسور30 جنوری: بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یومِ وفات کے موقع پر ضلع بالاسور میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کی جانب سے ایک سردھانجلی سبھا کا آیوجن کیا گیا، جس میں گاندھی جی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اصولِ عدم تشدد، سچائی اور بھائی چارے کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو ایک دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تشدد اور نفرت کی کوئی بھی شکل ہندوستانی اقدار کے منافی ہے۔ بالاسور کے سنیما چوک کے قریب شہید پارک پے واقع گاندھی جی کے مجسمے پر گل پوشی کی گئی اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر بالاسور کے سابق صدر ایم ایل اے سوروپ کمار داس، ریمونا کے سابق ایم ایل اے سدھانشو شیکھر پریڈا، بالاسور میونسپلٹی کے نائب چیئرمین کیلاس چندر سیٹھی سمیت میونسپلٹی کے کئی کونسلر اور بی جے ڈی کے سینئر و جونیئر لیڈران موجود رہے۔موجود مہمانوں نے اپنا اپنا اظہار خیال پیش کرتے ہوئے کہا کہ“مہاتما گاندھی صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ تھے، جنہوں نے دنیا کو عدم تشدد کا راستہ دکھایا۔ ان کے قاتل کو ہیرو بنا کر پیش کرنا تاریخ، انسانیت اور ملک کے آئین کی توہین ہے۔ ناتھورام گوڈسے ایک دہشت گرد ذہنیت کا حامل تھا جس نے ملک کے امن کو خون میں نہلایا۔”

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب معاشرے میں نفرت اور تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے، گاندھی جی کے نظریات پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئے ہیں۔ نوجوان نسل کو گاندھی جی کی تعلیمات سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔آخر میں بی جے ڈی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی آئندہ بھی گاندھی جی کے نظریات، سماجی ہم آہنگی اور سیکولر اقدار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔بالاسور سے عظیم بالیسری کی رپورٹ۔










