ترنمول کانگریس کونسلر و بے روزگار نوجوانوں کے حق میں آواز اٹھانے والے اشوک رُدرا کی قیادت میں منگل کے روز برن پور میں بھارتی بھون سے ٹنل گیٹ تک ایک مہا ریلی نکالی گئی، جس میں ایسکو اسٹیل پلانٹ میں ملازمت کے خواہشمند بڑی تعداد میں بے روزگار مقامی نوجوان لڑکے و لڑکیوں نے شرکت کی۔ ریلی ٹنل گیٹ پہنچنے کے بعد ایک جلسے کی شکل اختیار کر گئی، جہاں سے بعد میں ایسکو انتظامیہ کو مقامی بے روزگاروں کو ملازمت میں ترجیح دینے کے مطالبے پر مشتمل ایک عرضداشت پیش کی گئی۔
اس موقع پر اشوک رُدرا نے کہا کہ سیل آئی ایس پی میں جدید کاری کا عمل جاری ہے، جس کے باعث نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، لیکن مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کر کے باہر سے آنے والوں کو روزگار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بیرونی افراد کے یہاں کام کرنے کے خلاف نہیں ہیں، مگر سب سے پہلے مقامی نوجوانوں کو ان کی صلاحیت اور تعلیم کے مطابق روزگار فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہزاروں ایسے نوجوان موجود ہیں جنہوں نے میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی، بی بی اے اور ایم بی اے تک تعلیم حاصل کی ہے، اس کے باوجود انہیں ملازمت نہیں مل رہی۔ اشوک رُدرا نے مطالبہ کیا کہ پہلے مقامی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دیا جائے، اس کے بعد دیگر افراد کو موقع فراہم کیا جائے۔
اس دوران انہوں نے آسنسول ساؤتھ کی رکن اسمبلی اگنی مترا پال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف نمائشی سیاست کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک نہ تو انہوں نے اور نہ ہی ان کی پارٹی کے کسی نمائندے نے سیل آئی ایس پی انتظامیہ کے ساتھ اس مسئلے پر کوئی میٹنگ کی ہے اور نہ ہی یہ مطالبہ اٹھایا ہے کہ جدید کاری کے دوران ملازمت کا پہلا حق مقامی بے روزگاروں کو دیا جائے۔ اس موقع پر سماجی کارکن پرنندو چودھری، کونسلروں میں شیبانند باؤری، کہکشاں ریاض ، گرمیت سنگھ، راکیش شرما، شرابونی بسواس، برن پور گردوارہ کمیٹی کے نمائندے اور ہزاروں کی تعداد میں بے روزگار نوجوان لڑکے و لڑکیوں نے شرکت کی۔










