آسنسول کے جی ٹی روڈ کے کنارے واقع لوکو ٹینک موڑ کے قریب منگل کی صبح چھوٹے دکانداروں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ تقریباً تین سال قبل آسنسول میونسپل کارپوریشن نے شہر کی خوبصورتی کے نام پر جی ٹی روڈ کے کنارے موجود 42 چھوٹے دکانداروں کی دکانیں ہٹا دی تھیں۔ اس وقت متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ پر دکان دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن دکانداروں کا الزام ہے کہ اب تک زیادہ تر افراد کو کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اس مقام پر میونسپل کارپوریشن نے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پارک تعمیر کیا ہے، جہاں ایک تاجر کو نرسری چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسی بات سے ناراض دکانداروں نے منگل کی صبح پارک میں احتجاج کیا اور توڑ پھوڑ کی۔
موقع پر ترنمول کانگریس کے مزدور تنظیم آئی این ٹی ٹی یو سی کے رہنما راجو اہلووالیا پہنچے اور آسنسول میونسپل کارپوریشن پر امتیازی سلوک اور مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے سے پہلے بھی میئر بدھان اپادھیائے کو آگاہ کر چکے ہیں اور ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ پورے معاملے کی جانچ کی جائے اور جلد از جلد تمام بے دخل دکانداروں کے لیے متبادل انتظام کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کو مزید تیز کیا جائے گا۔ آئی این ٹی ٹی یو سی رہنما کے الزامات اور بیان کے سلسلے میں آسنسول میونسپل کارپوریشن کے میئر کی جانب سے خبر لکھے جانے تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔










