جنوبی آسنسول بودھا کی نوزائیدہ تنظیم تہذیب اردو کی جانب سے جمعرات کی شام بودھا مسلم ایف پی اسکول میں ایڈوکیٹ محمد سمیع الدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے ایک تعزیتی نشست کاانعقاد کیا گیا۔ تہذیب اردو کے جنرل سکریٹری محمد ساجد انصاری نے بتایا کہ شہر کے معروف وکیل ،مدرسہ مصباح العلوم کے سکریٹری و متولی ایڈوکیٹ محمد سمیع الدین کی سماجی خدمات کے اعتراف میں مذکورہ تنظیم کی یہ پہلی نشست منعقد کی گئی ہے۔ آج کی اس نشست میں انجمن ترقی اردو ہند پچھم بردوان کے سکریٹری ماسٹر محمد سلیمان ،ترنمول اقلیتی سیل کے ضلعی صدر محفوظ الحسن مونو،سماجی وسیاسی شخصیت شاہد پرویز اور سیف الدین انصاری عرف گڈو کے علاؤہ ماسٹر علی انصاری،محمد محفوظ ،محمد سجاد حسین،عبدالمناف،محمد حفیظ،محمد وسیم کے ساتھ ایڈوکیٹ محمد سمیع الدین کے دو فرزند ایڈوکیٹ خان فیض بہادر اور خان فیصل بہادر نے مرحوم ایڈوکیٹ محمد سمیع الدین کی گوناگوں خوبیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ایک ایسی ملی شخصیت بتایا جنہوں نے تمام عمر مذہبی اورعصری تعلیم کی راہ ہموار کرنے میں گزاری۔ ماہر قانون تھے مگراپنے موکلوں کو عدالت سے باہر اپنے مسائل حل کرنے کی مفت میں صلاح بھی دیا کرتے تھے اور فریقین کے درمیان ثالث کی ذمہ داریاں بھی ادا کیا کرتے تھے۔نشست کی نظامت امتیاز احمد انصاری نبھائے جبکہ صدارت الحاج ماسٹر امتیاز راشد نے کی اوران ہی کی دعاؤں پر محفل کے خاتمے کا اعلان کیاگیا۔










