جموڑیہ تھانہ کے تحت کیندا پھانڑی کے دھسل موڑ علاقے میں واقع نجی کارخانہ جے بی انرجی میں منگل کی صبح تقریباً دس بجے تعمیراتی کام کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ ایلبیسٹر لگانے کے دوران اچانک مواد ٹوٹ کر گر گیا، جس کے نتیجے میں دو مزدور شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
زخمی مزدوروں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ مہلوکین کی شناخت فہیم انصاری (عمر 36 سال) اور آصف اقبال (عمر 42 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں آسنسول میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 65، کلٹی علاقے کے رہائشی تھے اور ٹھیکہ مزدور کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔
حادثے کے بعد معاوضے کے مطالبے کو لے کر کارخانے کے احاطے میں شدید تناؤ پھیل گیا۔ مزدور تنظیموں اور کارخانہ انتظامیہ کے درمیان بات چیت ہوئی، تاہم کسی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا۔ ساتھی مزدوروں کا الزام ہے کہ ناقص معیار کے ایلبیسٹر کے استعمال کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز کارخانہ مالک کے ساتھ معاوضے کے معاملے پر ایک اہم میٹنگ ہونے کا امکان ہے۔ واقعے کے بعد سے علاقے میں سوگ اور غم و غصے کا ماحول ہے، جبکہ مزدور انصاف اور مناسب معاوضے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔










