منگل کی صبح تقریباً 11 بجے درگاپور کے اندرا امریکن موڑ کے قریب قومی شاہراہ پر کوئلہ لدی ایک چلتی ڈمپر میں اچانک آگ لگ گئی۔ چند ہی لمحوں میں ڈمپر سے دھواں اور آگ کے شعلے نکلنے لگے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی اور نیوٹاؤن تھانے کی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ فائر بریگیڈ کے عملے کی بروقت کارروائی سے تھوڑی ہی دیر میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مذکورہ ڈمپر درگاپور سے کوئلہ لے کر رانی گنج کی طرف جا رہی تھی۔ آگ لگتے ہی ڈرائیور نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کو سڑک کے کنارے کھڑا کر دیا اور خود نیچے اتر گیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کے سبب کچھ وقت کے لیے قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر رہی، تاہم حالات معمول پر آنے کے بعد ٹریفک دوبارہ بحال کر دی گئی۔ پولیس نے پورے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔










