ریاستی حکومت کے محکمہ صحت نے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے موبائل میڈیکل یونٹ کا آغاز کیا ہے۔ یہ موبائل میڈیکل یونٹ مختلف بلاکوں کا دورہ کرتے ہوئے لوگوں کے صحت کی جانچ کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ جدید آلات سے لیس ان یونٹس میں آنکھوں کے معائنے سمیت متعدد طبی ٹیسٹ ممکن ہیں۔
آج کُلٹی اسمبلی حلقے کے ڈُبُردیہی علاقے کے ایک اسکول میں ایسا ہی ایک موبائل میڈیکل یونٹ پہنچا۔ وہاں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جہاں آنے والے تمام مریضوں کا صحت معائنہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈُبُردیہی نگر پرائمری ہیلتھ سینٹر سے وابستہ ڈاکٹر اُجول مشرا نے بتایا کہ آج اس اسکول میں موبائل میڈیکل یونٹ کی جانب سے صحت جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کُلٹی بلاک کے لیے ایک موبائل میڈیکل یونٹ فراہم کیا گیا ہے جو روزانہ بلاک کے مختلف مقامات پر جاکر جدید ترین آلات کی مدد سے لوگوں کا معائنہ کرتا ہے اور ضرورت کے مطابق طبی مشورے اور ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔











