*ریلوے کی زمین پر سڑک تعمیر روکنے کے خلاف ریل پار میں احتجاج*
آسنسول21 فروری: آسنسول کے ریل پار علاقہ میں ریلوے کی زمین پر زیرِ تعمیر سڑک کا کام آر پی ایف کی جانب سے بند کیے جانے کے خلاف مصدی محلہ کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق مصدی محلہ میں ایک پل تعمیر کیا گیا تھا اور اس سے متصل سڑک کی ڈھلائی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا تھا جبکہ باقی تعمیراتی عمل جاری تھا۔ تاہم آج آر پی ایف نے اچانک پہنچ کر سڑک کی تعمیر روک دی۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک نہایت اہم ہے کیونکہ اسی راستے سے ریل پار کے چاندماری، قصائی محلہ، سنٹرم مال اور مقامی اسپتال تک آمد و رفت ہوتی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اگرچہ زمین ریلوے کی ملکیت ہے، لیکن اس سڑک سے ریلوے کو کوئی پریشانی نہیں ہو رہی اور عوام طویل عرصے سے اس راستے کا استعمال کر رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں نے واضح کیا کہ وہ اس سڑک کو بند نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آنے والے دنوں میں پرامن طریقے سے جی ٹی روڈ کو جام کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ڈی آر ایم دفتر کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔ جب اس سلسلے میں ریلوے حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے میڈیا سے بات کرنے سے معذوری ظاہر کی اور کہا کہ وہ بیان دینے کے مجاز نہیں ہیں۔ صورتحال پر مقامی انتظامیہ کی نظر بنی ہوئی ہے۔








