“سماجی انصاف تلنگانہ سنکلپ سبھا” کا 6 اگست کو اہتمام
سرور نگر انڈور اسٹیڈیم میں عظیم تقریب، ٹی آر ایس قائدین کے ہاتھوں پوسٹرس کی رسم اجراء
حیدرآباد:سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے قیام کے مقصد سے قائم کردہ تلنگانہ رکشنا سینا پارٹی کی جانب سے 6 اگست کو سرور نگر انڈور اسٹیڈیم میں “سماجی انصاف تلنگانہ سنکلپ سبھا” ٹی آر ایس سربراہ کلواکنٹلہ کویتا کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ یہ تقریب تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جیہ شنکر کی یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔ بنجارہ ہلز میں واقع پارٹی دفتر میں آج اس جلسہ کے پوسٹرس کی رسم اجراء عمل میں آئی۔ پارٹی کے سینئر رہنما ایل روپ سنگھ، نوین آچاری، محمد صہیب، سرابھی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں ہر طبقہ کو سیاسی نمائندگی ملنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے تلنگانہ رکشنا سینا کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا کی قیادت میں 6 تاریخ کو یہ سنکلپ سبھا (عہد تقریب) منعقد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر جیہ شنکر ایک سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے خواہاں تھے، اسی لئے ان کی یوم پیدائش کے دن اس جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاست میں 50 فیصد سے زائد آبادی رکھنے والے بی سی طبقات کی کئی برادریوں کو اب تک گاؤں کے سرپنچ جیسے عہدوں تک بھی رسائی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔
پارٹی قائدین نے کہا کہ تمام طبقات کو اقتدار میں مناسب نمائندگی دلانے کے مقصد سے اس جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریاست کے عوام سے بڑی تعداد میں شرکت اور جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔اس پروگرام میں پارٹی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔










