شعبۂ اُردو قاضی نذرل یونیورسیٹی میں 10 جون2026 بروز بدھ عہد جدید کا منفرد شاعر جناب بشیر بدر پر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کا آغاز شعبۂ اردو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فاروق اعظم کے خیر مقدمی کلمات سے ہوا۔موصوف نے تمام مہمانان کااستقبال کرتے ہوئے مرحوم بشیر بدر کی ادبی خدمات، ان کی منفرد شعری بصیرت اور اردو ادب میں ان کے نمایاں مقام پر روشنی ڈالی اور انہیں عصرِ حاضر کے اہم ترین شعرا میں شمار کیا انہوں نے اپنی مترنم آواز میں بشیر بدر کی ایک خوبصورت غزل پیش کی، جس نے محفل کو مزید پُرکیف بنا دیا اور حاضرین کو مسحور کر دیا۔نشست میں موجودشعبۂ اُردوعالیہ یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر درخشاں زریں بشیر بدر کا مختصر تعارف پیش کی بعد از انہوں نے بشیر بدر کے منتخب اور دل نشیں اشعار سامعین کے سامنے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا اور ان سے خوب محظوظ ہوئے۔۔نشست میں موجودشعبۂ اُردوہگلی محسن کالج کے پروفیسر ڈاکٹر عمر غزالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بشیر بدر نے اپنی سادہ، رواں اور پُراثر زبان کے ذریعے اردو شاعری کو نئی وسعتوں سے آشنا کیا اور انسانی جذبات و احساسات کو نہایت خوبصورتی سے شعری قالب میں ڈھالا ہے ان کی غزلیں عام بول چال کی زبان میں ہونے کی وجہ سے بے حد مقبول ہیں ۔شعبۂ اردو کی استانی ڈاکٹر صوفیہ محمود نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بشیر بدر کی شاعری میں اخوت،شفقت اور پیار موجود ہے انہوں نے عام فہم زبان میں شاعری کی وہ مشاعرے کی دنیا کے بے تاج بادشاہ تھے ۔شعبۂ اردو کی استانی ڈاکٹر نکہت پروین اور ڈاکٹر انجم آرا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بشیر بدر کی شاعری کے فکری و اخلاقی پہلوؤں پر گفتگو کی اور ان کے منتخب اشعار کے ذریعے حاضرین کو زندگی کے مختلف اسباق سے روشناس کرایا۔ایم اے میقات چہارم کے طالب علم میثاق الرحمن عظیم نے بھی بشیر بدر کی ایک دلکش غزل پیش کی، جسے سامعین نے خوب سراہا۔ایم اے کی طالبہ صالحہ آفرین نے اس نسشت کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس تعزیتی نشست کے اختتام پر مرحوم بشیر بدر کی مغفرت، بلندیِ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ یہ نشست نہایت سنجیدہ، پُروقار اور کامیاب رہا۔ شرکائے محفل نے بشیر بدر کی گراں قدر ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یادوں کو تازہ کیا اور اردو ادب کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ زندہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔










