*محبت کے نام پر 15 لاکھ کی دھوکہ دہی، درگاپور میں ملزم گرفتار*
صنعتی شہر درگاپور میں محبت کے نام پر مالی دھوکہ دہی کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہوڑہ کی ایک خواجہ سرا نے درگاپور کے شیام پور کالونی کے باشندہ رجت داس کے خلاف تقریباً 15 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ تحریری شکایت کی بنیاد پر کوک اوون تھانے کی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سن 2017 میں سوشل میڈیا کے ذریعے ہوڑہ کی رہائشی مذکورہ خواجہ سرا اور درگاپور کے رجت داس کے درمیان شناسائی ہوئی تھی۔ شروع سے ہی رجت داس کو ان کی شناخت کے بارے میں مکمل علم تھا۔ وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہو گئے۔ الزام ہے کہ رجت داس نے کاروبار شروع کرنے کا جھانسہ دے کر اور مختلف اوقات میں الگ الگ بہانے بنا کر مرحلہ وار تقریباً 15 لاکھ روپے وصول کیے۔ طویل عرصے تک اعتماد کے رشتے کی بنیاد پر متاثرہ فریق کو کسی قسم کا شبہ نہیں ہوا۔ تاہم 2022 میں جب رقم واپسی کا مطالبہ کیا گیا تو دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی اور تنازعہ بڑھتا چلا گیا۔ آخرکار انصاف کی امید میں متاثرہ خواجہ سرا نے آسنسول – درگاپور پولیس کمشنریٹ کے تحت کوک اوون تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی۔ پولیس نے دو دن قبل شکایت موصول ہونے کے بعد تفتیش شروع کی اور جمعرات کی شب شیام پور میں واقع ملزم کے گھر سے اسے گرفتار کر لیا۔
جمعہ کے روز ملزم کو درگاپور سب ڈویژنل عدالت میں پیش کیا گیا جہاں معزز جج نے اس کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے چار دن کی پولیس حراست کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں متاثرہ خواجہ سرا نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ پولیس نے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید جانچ میں مصروف ہے۔








