نو طویل برسوں کے انتظار کے بعد مغربی بنگال میں ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر اساتذہ کی تقرری کا امتحان آج سخت پولیس انتظامات کے درمیان شروع ہوا۔
اطلاعات کے مطابق اس امتحان میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 9 ہزار 919 امیدوار شریک ہو رہے ہیں۔ اتوار کی صبح سے ہی قاضی نذرال اسلام یونیورسٹی سمیت مختلف امتحانی مراکز پر لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ پولیس اہلکار امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ کی سخت جانچ کے بعد ہی انہیں اندر داخلے کی اجازت دے رہے تھے۔
امتحان میں شامل امیدواروں نے برسوں کے انتظار کے بعد اپنی امیدیں ظاہر کی ہیں۔ شِرمِلا چٹرجی نامی ایک امیدوار نے بتایا کہ وہ دس برس بعد امتحان دے رہی ہیں اور پُر امید ہیں کہ اس بار کامیابی ملے گی۔ ایک اور امیدوار پاپیا ماجھی نے کہا کہ ہمارا کام امتحان دینا ہے اور ہم وہی کر رہے ہیں۔
امتحانی مراکز پر انتظامیہ کی جانب سے سخت نگرانی کے تحت امتحان کا پرامن انعقاد جاری ہے۔










