مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2026 میں ہونے والے ہیں۔ اگرچہ ابھی تقریباً ایک سال باقی ہے، لیکن انتخابات کو لے کر سیاسی گہما گہمی ابھی سے شروع ہو چکی ہے۔
آنے والے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
اسی تیاری کے تحت جمعہ کے روز آسنسول کے جی ٹی روڈ پر واقع راہا لین موڑ کے قریب ترنمول کانگریس کے ضلع دفتر میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر پردیپ مجمدار، پانڈیشور کے ایم ایل اے اور ترنمول کانگریس کے پچھم بردھمان ضلع صدر نریندر ناتھ چکرورتی، آسنسول کے میئر بدھان اپادھیائے، ریاستی سیکریٹری وی شیو داسن عرف داسو، ڈپٹی میئر اور آئی این ٹی ٹی یو سی کے ضلع صدر ابھجیت گھٹک، ایم ایم آئی سی گُروداس چٹرجی عرف راکٹ، اُتپل سنہا، خواتین تنظیم کی ضلع صدر آسیما چکرورتی، اسِت سنگھ سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔
میٹنگ میں اس بات پر گفتگو ہوئی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بوتھ سطح پر پارٹی کو کس طرح مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
اس بارے میں ضلع صدر نریندرناتھ چکرورتی اور ریاستی سیکریٹری وی شیو داسن عرف داسو نے بتایا کہ میٹنگ میں آئندہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات پر بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں بی جے پی نے ووٹر لسٹ میں جعلی ووٹرز کے نام شامل کر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے اور بنگال میں بھی ایسی کوششیں جاری ہیں۔ لیکن بنگال میں پارٹی لیڈر ممتا بنرجی کی ہدایت پر ووٹ بچاؤ مہم شروع کی گئی ہے تاکہ جعلی ووٹرز کے اثرات کو روکا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میٹنگ میں ووٹ بچاؤ مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ بوتھ سطح پر ترنمول کارکنوں کی ایک ٹیم تیار کی جا رہی ہے، جو گھر گھر جا کر ووٹر لسٹ کی جانچ کرے گی اور جعلی ووٹرز کی نشاندہی کرے گی۔ ہر بوتھ سطح کی ٹیم کی نگرانی بلاک سطح پر ایک انچارج کرے گا۔ اس طرح ضلع سطح تک ایک ٹیم بنائی جائے گی جو جعلی ووٹرز کو شناخت کرے گی۔
ریاستی سیکریٹری نے کہا کہ اس کام کے لیے ایک تنظیم ہونا بہت ضروری ہے، اور ترنمول کے پاس ایسی تنظیم موجود ہے جو اس کام کو انجام دے سکتی ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ مغربی بردھمان ضلع میں اب تک کتنے جعلی ووٹرز کی شناخت ہوئی ہے تو اس پر ضلع صدر نے کوئی مخصوص اعداد و شمار نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں جعلی ووٹرز کی تعداد ریاستی قیادت کو بتائی جائے گی اور بعد میں ریاستی سطح سے ضلع وار تفصیل جاری کی جائے گی۔


















