کانکسا کے بشنوپور علاقے کے لوگ طویل عرصے سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ ملان دیگھی گرام پنچایت کے تحت بشنوپور بس اسٹینڈ پر موجود دو ٹیوب ویل تقریباً ایک سال سے خراب پڑے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ بار بار شکایت کرنے کے باوجود پنچایت کی جانب سے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔
سنیچر کے روز مقامی باشندے خراب ٹیوب ویلوں کے سامنے احتجاج پر بیٹھ گئے۔ مظاہرین میں شامل سودھامے گھوش اور دلال رائے نے کہا کہ بس اسٹینڈ پر دو ٹیوب ویل موجود ہیں، مگر وہ طویل عرصے سے ناکارہ ہیں۔ ہم نے کئی بار پنچایت سے پانی کا ٹینک لگانے کی درخواست کی، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ روزانہ تقریباً ایک ہزار افراد اس بس اسٹینڈ کا استعمال کرتے ہیں، جن میں تاجر، مزدور اور اسکول کے طلبہ بھی شامل ہیں، سبھی کو پانی کی قلت کی وجہ سے پریشانی ہو رہی ہے۔ اگر جلد مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا تو ہم بڑے پیمانے پر تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔ تاہم ملان دیگھی گرام پنچایت کے نائب پردھان وشواروپ چٹوپادھیائے کہا کہ بہت جلد اس مسئلے کا حل نکالا جائے گا اور علاقے میں پینے کے پانی کا مناسب انتظام کیا جائے گا۔










