آسنسول کے کُلٹی تھانہ کے تحت نیامت پور ٹہرم 4 نمبر علاقے میں ایک کرائے کے مکان پر آسنسول-دُرگاپور پولیس کمشنریٹ کی انفورسمنٹ برانچ نے اچانک چھاپہ مار کر نقلی چائے کے کاروبار کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس کارروائی میں نامی کمپنی کے لیبل لگے ہوئے بڑی تعداد میں نقلی چائے کے پیکٹ، جعلی لیبل اور چائے کی پتی برآمد کی گئی۔
ذرائع کے مطابق منگل کے روز دیگر ریاست سے آئے دو افراد نے مذکورہ مکان کرائے پر لیا تھا اور وہیں سے نقلی چائے بنانے اور پیکنگ کا کام شروع کیا گیا تھا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے یہ غیر قانونی کاروبار ناکام ہو گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ منگل کی دوپہر دونوں افراد علاقے میں آئے اور مکان کرائے پر لیتے وقت شناختی دستاویز بھی پیش کی۔ آدھار کارڈ کے مطابق ان میں سے ایک کا نام روہت مہاتو ہے، جو رائے پور، چھتیس گڑھ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔
اگرچہ چھاپے کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی، لیکن پولیس نے تمام برآمد شدہ سامان ضبط کر لیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شکایت کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی اور برآمد شدہ نقلی چائے پر ٹاٹا کمپنی کے لیبل لگے ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفصیلی جانچ جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔








