Dastak Jo Pahunchey Har Ghar Tak

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email

*ہرانے کیلئے نہیں، تعلیم و روزگار کیلئے ووٹ دیں: وزیرِ مملکت دانش آزاد انصاری*

Share on facebook
Share on twitter
Share on whatsapp
Share on email
ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

ASANSOL DASTAK ONLINE DESK

*ہرانے کیلئے نہیں، تعلیم و روزگار کیلئے ووٹ دیں: وزیرِ مملکت دانش آزاد انصاری*

*بنکروں کیلئے فلیٹ ریٹ بجلی اور ’بنکر ہمدرد‘ اسکیم کا اعلان جلد*

*مسلمان اب دوسروں کو ہرانے نہیں، خود جیتنے کا جذبہ رکھتے ہیں: قومی صدر اکرم انصاری*

لکھنؤ (ابوشحمہ انصاری)ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود دانش آزاد انصاری نے کہا کہ ریاستی حکومت بہت جلد ’بنکر ہمدرد‘ اسکیم کا اعلان کرے گی۔ مومن انصار سبھا کی جانب سے بنکروں کیلئے فلیٹ ریٹ بجلی کے مطالبے پر حکومت سنجیدہ ہے اور اس سمت میں مثبت قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست کو ذاتی مفادات سے اوپر اٹھا کر دیکھنا ہوگا۔ ووٹ کسی کو ہرانے کیلئے نہیں بلکہ تعلیم، روزگار، صنعت اور سماجی ترقی لانے والوں کے حق میں ڈالنا چاہیے۔ یہی سیاسی دانائی اور دوراندیشی ہے۔
دانش آزاد انصاری بدھ کو مومن انصار سبھا کی ریاستی ایگزیکٹو میٹنگ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تنظیم کے قومی صدر محمد اکرم انصاری کی صدارت میں مولوی گنج کے الانصار کمپلیکس میں بنکروں، کاریگروں کے مسائل اور ان کے حل پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق آئی اے ایس افسر انیس انصاری نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو اپنا امتیاز ختم کرنے کیلئے سیاست میں عملی حصہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے اندر موجود پسماندہ طبقہ کی فلاح کیلئے جو بھی سیاسی جماعت حقیقتاً کام کرنے کی ہمت رکھتی ہے، اس کی حمایت کی جانی چاہیے۔ دفعہ 341 کے تحت لگائی گئی مذہبی پابندیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رہنے کی ضرورت ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر محمد اکرم انصاری نے ایس آئی آر ووٹر لسٹ کی تیاری میں عہدیداروں کی محنت کی ستائش کی اور کیڈر سے اپیل کی کہ وہ آئندہ پنچایتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا بہار انتخابات اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلمان اب صرف دوسروں کو ہرانے کیلئے ووٹ نہیں دیتے، بلکہ چاہتے ہیں کہ وہ خود سیاسی طور پر مضبوط ہوں اور جیتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکولر جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کو روکیں، کیونکہ حالیہ انتخابات میں تیجسوی یادو کی قیادت والا عظیم اتحاد اس میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
انہوں نے وقف املاک کے اندراج کیلئے امید پورٹل کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم صدرِ جمہوریہ اور وزیرِ اقلیتی امور کو اس سلسلے میں میمورنڈم بھیجے گی۔
سیمینار میں قومی جنرل سکریٹری اکرام انصاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام میں نسیم انصاری، رئیس احمد، منصور جمال، حافظ رفیق احمد، ایوب انصاری، اکبر اساری، شاکر علی انصاری، شبیر انصاری، یا سر انصاری، معظم انصاری، سلیم انصاری اور دیگر عہدیداران موجود رہے۔