جموڑیہ 21 اگست : آسنسول کارپوریشن وارڈ 6 میں ضمنی انتخاب کاعمل شام 5 بجےتک 83 فیصد ووٹنگ کے ساتھ پر امن طور پر مکمل ہوا۔ایک دو معمولی واقعات کو چھوڑ کر انتخاب پر امن رہا۔بی جے پی اور کانگریس امیدواروں نے ترنمول کانگریس کے ذریعہ بوتھ قبضہ کا الزام لگایا ہے جبکہ ترنمول کانگریس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب بی جے پی کو پسند نہیں کر رہی ہے ۔اس لئے اب ان لوگوں کے پاس الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔انتخاب کے لیے انتظامیہ نے پختہ انتظام کے ساتھ 14بوتھ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر صاف و شفاف ووٹ ڈالنے کو یقینی بنایا۔پولس کے جوان موجود رہے۔وارڈ کے 14ہزار ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے 6امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں محفوظ کردیا۔ واضح ہوکہ آسنسول کارپوریشن کے تحت وارڈ 6 کے ضمنی انتخاب کے لیے کارپوریشن کے میئر ترنمول امیدوار کے طور پر میدان میں تھے۔جبکہ کانگریس کے سومناتھ چٹرجی،سی پی ایم کے سبھاش منڈل اور بی جے پی کے چکرورتی نے الیکشن لڑا۔مذکورہ ضمنی انتخاب کے لیے 2سیکٹر آفیسر اور آبزرور تعینات کیے گیے تھے۔واضح ہوکہ میئر بدھان اپادھیائے کو میئر کے عہدے پر بنے رہنے کے لیے 6 ماہ کے اندر آسنسول کارپوریشن کے 106وارڈ میں سے کسی ایک وارڈ سے کونسلر الیکشن جیت کر آنا ضروری تھا۔وارد 6کےٹی ایم سی کونسلر کے استعفی کے بعد یہ سیٹ خالی ہوچکا تھا۔ ترنمول کانگریس نے بدھان اپادھیاءے کو اپنا امیدوار بنا کر مذکورہ سیٹ کے لیے انتخابی دنگل میں اتارا۔اب آیندہ 24اگست کو ووٹوں کی گنتی کے بعد جیت کا سہرا کس کے سر بندھے گا اسکا انتظار پورے آسنسول کے عوام کو ہے۔


















